بھٹکل، 5 / نومبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر واقع وینکٹاپور پُل کو ٹھیکیدار کمپنی نے گزشتہ ایک مہینے سے زائد عرصے سے ٹریفک کے لئے بند کر رکھا ہے جو موٹر گاڑیوں کے لئے ایک پریشان کن مسئلہ بن گیا ہے ۔
ویسے بھی ضلع اتر کنڑا میں جب سے نیشنل ہائی وے فور لین توسیع کا کام شروع ہوا ہے تب سے ایک نہ ایک مسئلے سے عوام کو نپٹنا پڑ رہا ہے ۔ برسہا برس گزرنے کے باوجود توسیعی منصوبے کا کام پورا نہیں ہو رہا ہے اور عام زندگی کو متاثر کرنے والے ایسے کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں جنہیں حل کرنے کی طرف نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔
توسیعی منصوبے کے تحت وینکٹاپور ندی پر 1967 میں بنے ہوئے پرانے پُل کے بغل میں ہی اب نیا پُل تعمیر کیا گیا ہے ۔ پچھلے کچھ عرصے سے ان دونوں پلوں پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رکھی گئی تھی ۔ گزشتہ ایک مہینے قبل کوئی پیشگی اطلاع دئے بغیر اچانک ہی نئے پُل کو آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔ اس کی نہ کوئی وجہ بتائی جا رہی ہے اور نہ ہی یہ بتایا جا رہا ہے کہ اس پُل کو ٹریفک کے لئے کب کھولا جائے گا ؟
نیا پُل بند کرنے کے بعد تقریباً نصف کلو میٹر دوری پر بیریکیڈس لگاتے ہوئے موٹر گاڑیوں کو دوسرا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت والے بورڈس نصب کیے گئے ہیں ۔ چونکہ گاڑیوں کو موڑنے اور ایک ہی سمت میں دو طرفہ ٹریفک کی ہدایت دینے والے بورڈس اچانک ہی سڑک کے گھماو پر سامنے آتے ہیں اس کی وجہ سے ڈرائیوروں کو رفتار کم کرنے اور گاڑیوں کو اپنے قابو میں رکھنے میں بڑی دشواری پیش آتی ہے اور اس سے حادثہ پیش آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور ٹھیکیدار کمپںی کی اس بے پروائی اور غفلت کے خلاف عوام کی طرف سے سخت ناراضی جتائی جا رہی ہے ۔ لیکن این ایچ اے اور آئی آر بی کو اس کی کوئی پروا نہیں ہے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رکن پارلیمان کے ساتھ منعقدہ نشست میں این ایچ اے اور آئی آر بی کے ذمہ داران نے کہا تھا کہ ضلع میں صرف 7 کلو میٹر سڑک کا تعمیری کام باقی رہنے کی بات کہی تھی جبکہ در حقیقت یہاں 40% تک کام ابھی باقی ہے، جس میں سروس روڈ، پلوں کی تعمیر، برساتی پانی کی نکاسی لئے نالے وغیرہ کی تعمیر شامل ہے ۔
اس پس منظر میں عوام کا مطالبہ ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی کے کام اور کارکردگی کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے مکمل سروے کیا جائے تا کہ ٹھیکیدار کمپنی کی غلط بیانی کی حقیقت کھل کر سامنے آ جائے ۔